سکھر،10مئی(اے پی پی): پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر آبی وسائل سیدخورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ہماری سیاست کسی کو جیلوں میں ڈالنے کی نہیں ہے ہم انتقام نہیں چاہتے،ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں۔
منگل کو یہاں احتساب عدالت میں پیشی کیبعد میڈیا سے گفتگو میں سیدخورشید احمد شاہ نے کہا کہ ہماری سیاست کسی کو جیلوں میں ڈالنے کی نہیں ہے ہم انتقام نہیں چاہتے،ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ میں وفاقی وزیر ہوں پھر بھی عدالت میں پیش ہورہاہوں۔
خورشید شاہ نے پی ٹی آئی کے مارچ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور ہیں، مارچ کے دوران کوئی قانون ہاتھ میں لیگا تواسے قانون نمٹے گا۔
قبل ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر آبی وسائل سیدخورشید احمد شاہ، ان کی دو بیگمات،صاحبزادوں ایم پی اے سید فرخ شاہ،زیرک شاہ اور داماد سابق صوبائی وزیر اویس شاہ سمیت دیگر ملزمان پرایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد آمدن کے اثاثے بنانے کے خلاف داخل نیب ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت سکھر میں ہوئی ۔
سماعت جج فرید انور قاضی نے کی، سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر اور خورشید شاہ سمیت دیگر ملزمان کے وکلاء نے دلائل دیئے جس کے بعد عدالت نے سماعت 24 مئی تک ملتوی کردی۔ خورشید شاہ کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی۔











