میڈیا کے مسائل فوری حل کرنے کی کوشش کریں گے، میڈیا پارلیمان کی عزت اور وقار میں اضافے کا باعث بنے؛ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

15

اسلام آباد، 10 مئی  (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ میڈیا کے مسائل فوری حل کرنے کی کوشش کریں گے، میڈیا پارلیمان کی عزت اور وقار میں اضافے کا باعث بنے، پارلیمان قابل عزت ادارہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے  منگل کو یہاں  پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے) کی منتخب باڈی سے ملاقات میں کیا۔پی آر اے کے صدر صدیق ساجد اور سیکرٹری آصف بشیر چوہدری سمیت دیگر ممبران مجلس عاملہ نے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ملاقات میں پارلیمانی رپورٹرز کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ  پارلیمانی رپورٹر ایسوسی ایشن کے جذبات نیک تمناؤں کے اظہار پر مشکور ہوں، میڈیا کے ساتھ مل کر ساری زندگی سیاسی جدوجہد کی ہے، سیاسی ورکر کے طور پر جدوجہد کرنے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ سب بدل جائیں گے مگر پارلیمان اپنی جگہ موجود رہے گا، سیاستدانوں اور میڈیا کا چولی دامن کا ساتھ ہے، پارلیمنٹ ہمارے ملک کا سب سے قابل احترام ادارہ ہے، یہ 22 کروڑ لوگوں کی دانش گاہ ہے، پارلیمان کی عزت و توقیر ہم سب پر فرض ہے چاہے ہم سیاستدان ہیں، بیورو کریٹ ہیں یا میڈیا سے وابستہ افراد ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف  نے کہا کہ پارلیمنٹ اور عوام کے درمیان سب سے اہم کردار میڈیا کا ہے،پارلیمان میں میڈیا کے انٹری پاسز پر پارلیمنٹ کے لوگو کے ساتھ پی آر اے کا لوگو بھی شامل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پی آر اے کی جانب سے اپنے ممبران کی فلاح و بہبود کے لئے قائم کیے گئے فنڈ میں بھی سیکرٹریٹ اپنا حصہ ڈالے گا۔

 اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سابق دور میں پریس گیلری کی بندش انتہائی قابل مذمت تھی، اس وقت بھی اس کی مذمت کی تھی، آج بھی اس کی مذمت کرتا ہوں، جمہوری دور میں ایسا اقدام نہیں ہونا چاہیے تھا۔