اٹک،11 مئی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر اٹک محمد نعیم سندھو نے کہا ہے کہ گرمی کی موجودہ لہر عوام کی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے، اس لیے عوام ان حالات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں،پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور شدید گرمی میں گھروں سے باہر نکلنے سے پرہیز کریں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں گرمی کی موجودہ لہر سے نبرد آزما ہونے کے لیے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں تمام محکموں کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں تمام سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جواد الہی نے بریفنگ دیتے ہوۓ شرکاء کو بتایا گیا کہ گرمی کی موجودہ لہر شدید ہے جس کے دوران احتیاطی تدابیر کی انتہائی ضرورت ہے۔عوام کو چاہیے کہ وہ متعلقہ محکموں کی طرف سے جاری کی جانے والی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کریں اور اپنی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں نے پوری دنیا میں اثرات مرتب کیے ہیں جس کی وجہ سے نمایاں موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ ان موسمیاتی تبدیلیوں سے مرتب ہونے والے اثرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کریں۔
ڈی سی اٹک محمد نعیم سندھو نے کہا کہ اس ضمن میں تمام متعلقہ محکمے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔محکمہ صحت کی ہدایات کے مطابق ہیٹ ویو کیمپس بھی لگاۓ جائیں گے جن میں تمام متعلقہ سہولیات موجود ہوں گی۔کنٹرول روم کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک کے مریضوں کے لیے خصوصی وارڈز بھی بنائے گئے ہیں۔اس کے علاوہ جلد ہی تمام عوامی مقامات پر گرمی سے بچاٶ کی احتیاطی تدابیر کے بینرز بھی آویزاں کیا جائیں گے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ موجودہ حالات میں گرمی سے بچاٶ کے حفاظتی اقدامات پر زیادہ سے زیادہ عمل درآمد کریں۔











