وہاڑی؛ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق کا کامسیٹس یونیورسٹی کا دورہ ، طلبہ سے خطاب کیا

11

وہاڑی،12مئی(اے پی پی):ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق نے وہاڑی کامسیٹس یونیورسٹی کا دورہ کیا اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کی دنیا سے مسلسل لڑتے ہوئے تھکاوٹ ہوئی تو تعلیمی اداروں میں آنے سے سکون ملتا ہے، آج اساتذہ اور طلبہ سے ملکر جو سکون ملا ہے وہ کہیں اور نہیں ملتا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کمیونٹی پولیسنگ کے لئے عملی اقدامات کرنے نکلے ہیں تاکہ عوام کو تحفظ کا احساس دلایا جاسکے، اس وقت ضرورت ہے کہ تعلیمی اداروں میں کریمنل کیسز پر ریسرچ شروع کروائی جائے تاکہ پتہ چل سکے کہ کرائم کو کیسے کنٹرول کیا جاتا ہے۔

 ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق نے کہا کہ طلباء اور طالبات ہمارا مستقبل ہیں اور آپ نے ہی آگے بڑھ کر ملک و قوم کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے۔

 ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی ڈاکٹر سلیم فاروق شوکت نے کہا کہ پاک فوج اور پولیس نے اس ملک کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں انہیں سیکیورٹی اداروں کی وجہ سے قوم سکون سے سو رہی ہے۔

 طلباء نے عہد کیا کہ ملک و قوم کے لئے جب بھی قربانی کی ضرورت پڑی تو اپنے اداروں کا ساتھ دیں گے۔

 آخر میں مہمانوں میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔