ساڑھے تین سال کا گند تین دن میں صاف نہیں ہوسکتا؛ مولانا فضل الرحمن

16

کراچی،12مئی  (اے پی پی):پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ساڑھے تین سال میں جو گنڈ ڈالا گیا ہے وہ تین دن میں صاف نہیں ہوسکتا ، اس میں وقت لگے گا ، گند ڈالنے میں وقت نہیں لگتا لیکن صاف ہونے میں وقت لگتا ہے، آزادی کا نعرہ ہمارا تھا، پچھلا الیکشن تبدیلی کے نام پر لڑا اور اب وہ آزادی کے نام پر لڑنا چاہتے ہے یہی حقیقی تبدیلی ہے،آزادی کے نعرے پر وہ ہماری نقالی کررہے ہیں، نقالوں سے ہوشیار رہنا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے پروگرام میں میٹ دی  پریس سے خطاب کرتے کیا ۔ قبل ازیں انہوں نے کراچی پریس کلب کے عہدیداروں سے بھی ملاقات کی ۔کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے مولانا فضل الرحمن کا خیر مقدم کیا ۔ جنرل سیکریٹری کراچی پریس کلب رضوان بھٹی نے نظامت کے فرائض سرانجام دئے ۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے عمران خان کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی شہری آپ  کی  کابینہ کا حصہ تھے ۔روز روز بیانیے تبدیل ہورہے ہیں ، ایف اے ٹی ایف کی دباوء پر قانون سازی آپ نے کی ، آئ ایم ایف  کے  دباوء پر قانون سازی  آپ نے کی ، آئ ایم ایف کے نمائندے کو اسٹیٹ بنک کا صدر اپ نے بنایا ، بااختیار بنانے کے نام پر اسٹیٹ بنک کو آئ ایم ایف کے حوالے کردیا ، سب کچھ امریکہ کی رہنمائ میں چل رہا تھا آپ اس پر فخر کررہے تھے ، آج امریکہ مخالف چورن بھیچ رہے ہو۔انہوں نے تحریک انصاف حکومت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی مہنگائ، بے روزگاری سے پریشان تھا ،والدین بچوں کی فیس دینے ، گیس اور بجلی کے بل دینے سے قاصر تھے، معاملات یہاں تک پہنچ گئے آپ اندازہ کرلیں 70 سالوں کا سفر کیسے تین سالوں میں گرایا اور پھر سے ہم آغاز پر جاکر کھڑے ہوگئے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے ، پسماندہ ملک سے ترقی پذیر ریاست کی طرف سفر آسان نہیں ہوتا ،جہاں آگے بڑھنا چاہئے اورترقی کی  نئی  راہیں تلاش کرنی چاہئے، بدقسمتی سے گزشتہ تین چار سالوں میں بہت تیزی کے ساتھ پیچھے کی طرف آئے  ہیں  ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت سالانہ شرح نمو 6 فیصد پر ر کھی  تھی  تین سالوں میں صفر پر  آ  گئی  ہے ۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ بہتر تعلقات کے لئے معاشی قوت  کی  ضرورت ہوتی ہے ، دنیا  کے مفادات اپنے ساتھ وابستہ کریں تو لوگ آپ کے قریب آئیں گے ،آپ کے ساتھ تجارت کریں گے ،سرمایہ کاری کریں گے تو ملک ترقی کرے  گا اور عام آدمی کی زندگی بہتر ہوگی ۔

 انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا میں سعودی عرب سب سے زیادہ پاکستان کے قریب تر ہے وہ بھی ناراض اور غیر مسلم دنیا میں قریب ترین دوست چین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے دوست ممالک کو ناراض کیا ہے لیکن اب دوست ممالک دوبارہ پاکستان کی طرف متوجہ ہورہے ہیں ۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہمیں شفاف انتخابات، الیکشن سے پہلے اصلاحات چاہئے ، نیب انتقامی ادارہ تھا ہم انتقامی ادارہ نہیں چاہتے ، اس میں بھی اصلاحات ہوں  گی  ۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کب ہوں گے اتفاق رائے سے فیصلے ہوں گے ۔