ملتان، 17مئی(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر اخلاق احمد نے گھنٹہ گھر میں ” صاف پنجاب مہم” کا افتتاح کردیا ہے ۔افتتاح کے موقع پر شہریوں کی آگاہی کے لئے ریلی بھی نکالی گئی ، ریلی میں کمپنی منیجرز، ڈپٹی منیجرز،سیکٹر آفیسرز اور ورکرز نے شرکت کی ۔
ڈپٹی کمشنر اخلاق احمد نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر شروع کی گئی صاف پنجاب مہم چار ماہ جاری رہے گی ، مہم کے دوران کچی آبادیوں اور نظر انداز کئے گئے علاقوں پر فوکس کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ شہر کی ہر یونین کونسل کو زیرو ویسٹ کیا جائے گا ۔
ڈپٹی کمشنر اخلاق احمد نے کہا کہ مہم کو محکمہ لوکل گورنمنٹ آن لائن مانیٹر کر رہا ہے ، صوبہ کی تمام ویسٹ منیجمنٹ کمپنیوں کے مابین صاف پنجاب مہم کا مقابلہ ہو گا اور رینکنگ ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا اور خوبصورت ملتان ہماری منزل ہے۔
سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے کہا کہ کمپنی نے قلیل المدتی صفائی پلان تیار کر لیا ہے ، مہم بارے روزانہ کی سرگرمیاں ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ مہم کی ہر سطح پر مانیٹرنگ کی جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صفائی بارے واضح تبدیلی نظر آئے گی ، شہری صفائی بارے ہیلپ لائن1139 پر شکایات درج کراسکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ شہر اولیاء کے باسی صفائی بارے کمپنی سے تعاون کریں ، شہر میں معمول کا صفائی آپریشن بھی جاری رہے گا۔











