اسلام آباد،18مئی(اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پاکستان میٹرولیجکل ڈیپارٹمنٹ مہر صاحبزادہ خان نے کہا ہے کہ گرمی کی شدید لہر جون کے وسط تک بر قرار رہے گی ، پری مون سون آغاز کے بعد موسم میں بہتری آ جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل پاکستان میٹرولیجکل ڈیپارٹمنٹ مہر صاحبزادہ خان نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مہر صاحبزادہ خان نے کہا کہ عالمی موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں پاکستان دسویں نمبر پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بالعموم پوری دنیا ہی اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے مگر جنوبی ایشیا کا خطہ بالخصوص گلوبل وارمنگ سے متاثر ہے، گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے، جس میں سب سے زیادہ ضروری ہے کہ ہم اپنا طرز زندگی بدلیں۔
مہر صاحبزادہ خان نے کہا کہ اس وقت تک کم و بیش سات ہیٹ ویوز آ چکی ہیں جو کہ جون کے وسط تک بر قرار رہیں گی مگر پری مون سون کے بعد ہوا میں نمی کا تناسب بہتر ہو جانے سے گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا۔
کسانوں کے لئے اپنے خصوصی پیغام میں ڈی جی میٹ کا کہنا تھا کہ اپنی فصلوں کو بر وقت پانی دیں تاکہ فصلیں گرمی کی اس شدید لہر سے متاثر نہ ہوں۔ چولستان اور تھل کے علاقوں میں موجودہ خشک سالی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ علاقے اس وقت شدید خشک سالی کا شکار ہیں مگر بارشوں کے بعد صورتحال میں بہتری آ جائے گی ۔











