یوم تکبیر  پر پاکستان  نے 6 ایٹمی دھماکے کرکے ملک کو ایک ناقابل تسخیر ایٹمی قوت بنایا؛ اسٹیشن کمانڈر نیوی خالد حمید

12

فیصل آباد،  28  مئی (اے پی پی): پاکستان نیوی فیصل آبادکے اسٹیشن کمانڈرخالد حمید نے کہا ہے کہ 28 مئی کا دن جسے ہم یوم تکبیر کے حوالے سے مناتے ہیں ہمارے لیے قومی عظمت کا امین ہے، اس دن پاکستان نے کامیاب تجربہ کر کے بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 ایٹمی دھماکے کرکے ملک کو ایک ناقابل تسخیر ایٹمی قوت بنا دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل میں فیصل آباد کے معروف خطاط قمر سلطان کے ہاتھ سے 52 انچ لمبے میزائل ماڈل کے 30 انچ پر 300 لائنوں پر لکھے گئے قر آن مجید کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے،  ہم اسلامی ایٹمی پاور ہیں۔انہوں نے کہا کہ24سال قبل آج ہی کے دن ہم نے یہ ثابت کیا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کسی بھی طرح کا دباؤ قبول کئے بغیر وطنِ عزیز کو ایٹمی ممالک کی صف میں لا کھڑا کیا۔ ہم ان شہدا کیلئے دعا کرتے ہیں جنہوں نے اس ملک کے دفاع کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آرٹس کونسل زاہد اقبال سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔