اسلام آباد،28مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مستقبل ڈیجیٹل میڈیا کا ہے، سابقہ دور میں میڈیا کو بری طرح سے دبایا گیا اورمیڈیا ورکرز کو بیروزگار کیا گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ( پی آئی ڈی ) کے پراجیکٹ پاکستان انفارمیشن سینٹر اور ورچوئل یونیورسٹی کے تعاون سے دو روزہ “موبائل جرنلزم” کے عنوان سے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب میں کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ مستقبل ڈیجیٹل میڈیا کا ہے اور وزارت اطلاعات ونشریات صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اس طرح کی مزید ورکشاپ منعقدکرواتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ سابقہ دور میں میڈیا کو بری طرح سے دبایا گیا اورمیڈیا ورکرز کو بیروزگار کیا گیا لیکن ہم اس طرح کی ٹریننگ کی ورکشاپس کے ذریعہ سے صحافیوں کے روزگار کا بندوست کریں گے۔
واضح رہے کہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ( پی آئی ڈی ) کے پراجیکٹ پاکستان انفارمیشن سینٹر اور ورچوئل یونیورسٹی کے تعاون سے دو روزہ “موبائل جرنلزم” کے عنوان سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ جس میں ملک بھر سے صحافیوں نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں صحافت کے حوالے سےماہر اور تجربہ کار ٹرینرز نے صحافت میں استعمال ہونے والے جدید آلات اور ان کے لئے ضروری تکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے حوالے سے مفید اور سود مند لیکچرز دئیے۔
ورکشاپ میں پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن ،ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروسز اکیڈمی سعید جاوید ، پریس کلب کے عہدیداران صدر انور رضا ،جنرل سیکرٹری خلیل راجہ فنانس سیکرٹری نئیر علی ،کوآرڈینیٹر مدثر چوہدری ، ورچوئل یونیورسٹی کے ٹرینرز کو شیلڈز دیں جبکہ ورکشاپ میں حصہ لینے والے صحافی خواتین وحضرات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔











