لاہور، 30 مئی ( اے پی پی ): وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کا صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کا مشن، پنجاب بھر میں سستے آٹے کی سپلائی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کر دی ۔انہوں نے کہا کہ گندم کی گرینڈنگ اور مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی کی سخت مانیٹرنگ کی جائے،200 ارب روپے کی سبسڈی کی پائی پائی عام آدمی تک پہنچنی چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت پیر کو یہاں اجلاس میں سستے آٹے کی سپلائی اور مانیٹرنگ کے میکنزم کا جائزہ لیا گیا۔ اشیاء ضروریہ خصوصا گھی اور چینی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔
وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ گندم اور آٹے کی سمگلنگ روکنے کیلئے پنجاب کے خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے،پولیس اور متعلقہ ادارے سمگلنگ روکنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں۔انہوں نےکہا کہ عام آدمی کی مشکلات کا ادراک ہے ،انشاءاللہ جلد ہی گھی اور چینی کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو مزید ریلیف دیں گے۔
سردار اویس لغاری، چودھری محمد اقبال، بلال یٰسین، ندیم کامران، ذیشان رفیق، رمضان صدیق بھٹی، حافظ میاں محمد نعمان، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔











