ہم سب نے ملکرمشاورت کے ساتھ پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنا ہے ؛وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز

12

لاہور،30مئی ( اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے  کہ پاکستان کو اس وقت معاشی اوردیگرچیلنجز کا سامنا ہے۔ہم سب نے ملکرمشاورت کے ساتھ پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنا ہے، پاکستان کی خاطر ہم سب ایک ہیں۔

ان خیالات کا اظہار  وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے  فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد  سے  گفتگو میں کیا ،  وفد نے  صدر عرفان اقبال شیخ کی قیادت میں پیر کو  یہاں  ملاقات کی۔عرفان اقبال شیخ اوروفد نے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ آج آپ سے سیاستدان نہیں،ایک پاکستانی کی حیثیت سے مخاطب ہوں، سیاست ہوتی رہے گی ، سب سے پہلے پاکستان کا سوچنا ہے،پاکستان کی خاطر تحمل سے ایک دوسرے کی بات سننا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اجتماعی فیصلوں سے معیشت کو مضبو ط بنانا ہوگا،  ہمیں چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کرنا ہے، سابق غلطیوں کو درست کر کے آگے بڑھنا ہے۔

وزیراعلیٰ  نے کہا کہ  2018ء میں جب مسلم لیگ(ن) نے حکومت چھوڑی تو گروتھ ریٹ 6فیصد تھا، سی پیک اوردیگرمنصوبے تیزی سے آگے بڑھ رہے تھے، ملک میں زیرو لوڈ شیڈنگ تھی۔انہوں نے  کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک میں 10ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی کے منصوبے لگائے، سابق حکومت نے آتے ہی معیشت کے بارے میں غلط فیصلے کیے، 6ماہ تک یہی فیصلہ نہ ہوسکا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا ہے کہ نہیں، فیصلوں میں تاخیر کے باعث روپے کی قدر 40فیصد گری۔

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز  نے کہا کہ  پاکستان کی 74سالہ تاریخ میں اتنا قرضہ نہیں لیاگیا جتنا قرضہ گزشتہ حکومت نے چار سالہ دور میں لیا، سابق حکومت نے پاکستان کے مجموعی قرضوں کا 80 فیصد قرضہ  لیا، سابق دور میں بجلی کا ایک منصوبہ نہیں لگایا گیا ،فیول کی کمی اورپلانٹس کی دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث لوڈ شیڈنگ کا عذاب آیا ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا شور مچایا گیا لیکن سابق دورمیں کرپشن کا انڈکس 116سے بڑھ کر146پر چلاگیا، لاکھوں افراد انڈسٹریز بند ہونے سے بے روزگار ہوئے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز   نے کہا کہ ہماری حکومت بزنس کمیونٹی کے ساتھ ہے اوران کے جائز مسائل حل کرنے کیلئے پوری کوشش کریں گے، وزیراعظم محمد شہبازشریف بھی جلد آپ سے ملاقات کریں گے بلاشبہ اس وقت مشکل معاشی صورتحال کا سامنا ہے لیکن ہمارا عزم بلند اورنیت نیک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے 10کلو آٹے کے تھیلے کو 160روپے سستا کیا ہے، کسان سے 2200روپے فی من گندم خریدی ہے، سخت فیصلے کیے ہیں لیکن یہ فیصلے پاکستان کے لئے کیے ہی۔انہو  ں نے کہا کہ  بزنس کمیونٹی کی تجاویز کو نوٹ کیا ہے اوران کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

وفد نے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کو بزنس کمیونٹی کے مسائل اوران کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں ۔وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال،ایم پی اے ملک محمد احمد خان،وفاقی سیکرٹری خزانہ،سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔