چنیوٹ،31 مئی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر پہلی پری فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ چنیوٹ نے سیلاب جیسی آفت سے نبرد آزما ہونے کیلئے دریائے چناب ٹی ڈی سی پی کے مقام پر فرضی مشقیں کی۔ ان فرضی مشقوں کا مقصد سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے، ان کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے اور اداروں کے درمیان روابط کو بہتر کرنا ہے۔
فرضی مشقوں میں ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ سمیت محکمہ ایجوکیشن، محکمہ صحت، محکمہ سول ڈیفنس، محکمہ لائیواسٹاک، محکمہ سوشل ویلفیئر نے حصہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے انسیڈنٹ کمانڈر پوسٹ، ریسکیو ڈزاسٹر کیمپ، میڈیکل کیمپ سمیت دیگر کیمپس کا معائنہ کیا اور سیلاب کے دوران ریسکیو اینڈ ریلیف کیلئے استعمال ہونے والے آلات کا جائزہ لیا۔
کنٹرول روم انچارج سید قیصر عباس نےممکنہ سیلاب کے پیش نظر مکمل بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو اہلکار روز مرہ کی ایمرجنسیز کے ساتھ ساتھ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر دم تیار ہے۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے خطاب میں ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو سراہا ۔ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پہلے سے اقدامات کیے ہوئے ہیں تاکہ بروقت لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ فلڈ موک ایکسرسائز کا مقصد ممکنہ سیلاب کی صورت میں لوگوں کی بروقت مدد کے پیش نظر پہلے سے تیاری کرنا اور اداروں کی کارکردگی کو جانچنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ ضلع بھر کے تمام ادارے کسی بھی ایمرجنسی صورت حال سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ریسکیو 1122 کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کی کال موصول ہونے پر دن ہو یا رات بروقت ریسپانس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ریسکیو 1122 سمیت متعلقہ ادارے ہمہ وقت تیار ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں اور ریسکیو محافظوں کی جانب سے ڈوبتے ہوئے افراد کو ریسکیو کرنے، ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور بروقت میڈیکل کیمپ میں منتقلی کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا، تمام محکموں کی جانب سے فلڈ ریلیف کیمپ لگائے گے تاکہ عوام کو بروقت اور بہتر طور پر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے ایمرجنسی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا تاکہ ممکنہ سیلاب کی صورت میں لوگوں کی بہتر طور پر رہنمائی کی جا سکےجبکہ فرضی مشقوں میں ضلع بھر کے ریسکیو آفیسرز، ریسکیو اہلکاروں اور ریسکیو محافظوں نے حصہ لیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینو محمد خالد،اے ڈی سی جی محمد ارشد، اسٹنٹ کمشنر امبرین چوہدری، و دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔