پاک بحریہ اپنے اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مضبوط سیفٹی کلچر کانفاذ یقینی بنارہی ہے؛ نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی  

14

کراچی،31مئی  (اے پی پی): چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی  نے کہا  ہے کہ پاک بحریہ اپنے اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مضبوط سیفٹی کلچر کانفاذ یقینی بنارہی ہے۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے   منگل کو  یہاں منعقدہ  پاک بحریہ  کے سالانہ سیفٹی ریویو 2021  سے  بطور مہمان خصوصی  خطاب میں کیا۔ نیول چیف  نے بحریہ میں سیفٹی سے متعلق اصولوں کی پاسداری اورجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور فیلڈ کمانڈز کی جانب سے کام کے اعلیٰ معیار اور ذاتی حفاظت کو برقرار رکھنے پر فیلڈ کمانڈز کی کارکردگی کو سراہا۔

تقریب کے اختتام پر چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کے سالانہ سیفٹی ریویو کے فاتحین میں سیفٹی ٹرافیاں اور ایوارڈز تقسیم کیے۔پاک بحریہ کا سالانہ سیفٹی ریویو 30 مئی کو منعقد ہونے والے سیفٹی سیمینار کا تسلسل تھا۔ اس سیمینار کے دوران سیفٹی کلچر کو فروغ دینے کے لیے جدید رجحانات سے ہم آہنگ سیفٹی مقالے پیش کیے گئے۔دونوں تقریبات میں فیلڈ کمانڈز کے افسران، سیلرز اور نیوی سویلینز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سیفٹی ریویو کا ہر سال انعقاد کیا جاتا ہے جس کا مقصد سیفٹی سے متعلق شعور بیدار کرنا اور جوانوں میں سیفٹی کے کلچر کو فروغ دیناہے اور  پاک بحریہ میں کام کرنے کے مربوط نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے روڈ میپ فراہم کرنا ہے۔