بورےوالا؛ بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے تین ارکان گرفتار،مال مسروقہ برآمد

10

 

بورےوالا، یکم جون (اے پی پی): تھانہ ماڈل ٹاؤن پولیس نے ڈکیتی،راہزنی،مویشی چوری اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث بین الاضلاعی گینگ کے تین ارکان کو گرفتار کر لیا ہے

ان خیالات کا  اظہار  ڈی ایس پی فرحت رسول نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے صدر چاچا محمد اسلم،جنرل سیکرٹری شیخ عابد فاروق اور دیگر نمائندہ شخصیات بھی موجود تھیں۔

ڈی ایس پی نے بتایا کہ ڈی پی او وہاڑی محمد طارق عزیز کی ہدایت پر ڈکیتی و چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے اور ان جرائم میں ملوث خطرناک ملزمان کی گرفتاری کے لئے ایس ایچ او تھانہ ماڈل ٹاون منصور احمد خاں کی قیادت میں خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی جس نے جدید ٹیکنالوجی اور محدود وسائل میں رہتے ہوئے اس موڈی گینگ کا سراغ لگایا جو کہ تھانہ ماڈل ٹاون کے 19 مقدمات میں مطلوب تھا اور یہ گینگ ضلع وہاڑی کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی کئی وارداتیں کرچکا ہے۔

انہوں نے  بتایا کہ   ملزمان کے قبضہ سے وارداتوں کے دوران  چھینے گئے40 لاکھ سے زائد مالیت کے 8 موٹر سائیکلز ،دو لوڈر رکشے، لاکھوں روپے مالیت کے مال مویشی برآمد کرنے کے علاوہ وارداتوں میں استعمال ہونے والے منی مزدا ٹرک اور بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا  گیا ہے  اور گرفتار گروہ کے ارکان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔