لاہور، 2 جون ( اے پی پی ): گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے دورہ ترکی کے ملک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، حکومت کو معیشت سمیت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، نیک ارادے کے ساتھ عوام کی خدمت کا مشن لے کر آئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹیریننز اور مختلف وفود سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے میرے اوپر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پہ پورا اترنے کی کوشش کروں گا، خدمت خلق مسلم لیگ ن کی ہمیشہ ترجیح رہی ہے ۔
گورنر بلیغ الرحمان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ویژن کے مطابق اعلیٰ تعلیم اولین ترجیح ہے، مسلم لیگ ن نے اپنے سابقہ ادوار میں ہائر ایجوکیشن اور ریسرچ پر توجہ دی ہے ، یونیورسٹیوں میں ریسرچ کے معیار کو مزید بہتر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ نوجوانوں کو تعلیم دینے کے ساتھ کردار سازی پہ بھی توجہ دیں۔
ملاقات میں ایم این اے چوہدری حامد حمید، ایم پی اے حافظ نعمان، ایم پی اے میاں مرغوب احمد، ایم پی اے رابعہ فاروقی اور وزیر اعلی پنجاب کے پولیٹیکل اسسٹنٹ ملک ابرار احمد شامل تھے ۔وفد نے بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہارِ کیا۔