پولیس ٹریننگ کالج سہالہ فرض شناس افسران و سٹاف کے علاوہ اعلیٰ تربیتی ماحول بھی فراہم کرتا ہے،ایڈیشنل انسپکٹر جنرل غلام رسول زاہد

6

اسلام آباد،03 جون (اے پی پی): ایڈیشنل انسپکٹر جنرل غلام رسول زاہد نے کہا کہ پولیس ٹریننگ کالج سہالہ فرض شناس افسران و سٹاف کے علاوہ اعلیٰ تربیتی ماحول بھی فراہم کرتا ہےاور کہا کہ عوام کو تحفظ اور عدل فراہم کرنا عدل کی پہلی سیڑھی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  جمعہ کو پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں پاسنگ آوٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا،پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 478 سب انسپکٹرز اور 180 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز نے حصہ لیا۔

 تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔پاس آؤٹ ہونیوالے پولیس افسران نے شہریوں کی عزت نفس کے تحفظ اور قانون کی پاسداری کا حلف اٹھایا۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل غلام رسول زاہد نے پریڈ کا معائنہ کیا اور دوران تربیت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس آفیسرز کو شیلڈز اور انعامات سے نوازا۔ پاس آؤٹ پولیس افسران نے جرائم کنٹرول کی مشقیں بھی پیش کیں۔

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل غلام رسول زاہد نے تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ میں اپنی شکایت کے ازالہ کیلئے جانا ہر مرد و خاتون کا آئینی حق ہے، عوام کے جان و مال کا تحفظ اور جرائم کی سرکوبی پولیس فورس کا بنیادی فرض ہے اور کہا کہ  پنجاب پولیس کو تفتیش کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔

 تقریب میں ڈپٹی کمانڈنٹ ڈی آئی جی اشفاق عالم خان اور کورس کمانڈر ایس پی عنبرین علی اور  پاس آؤٹ ہونیوالے پولیس افسران کی فیملیز ، پولیس شہداء کے ورثا اور معززین علاقہ نے بھی شرکت کی۔