اوکاڑہ،04 جون(اے پی پی ): ڈی پی او اوکاڑہ عمر سعید ملک کی سربراہی میں شہر میں پولیس کا فلیگ مارچ کیا گیا۔فلیگ مارچ میں ایس پی انوسٹی گیشن، ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس اور ریسکیو 1122 کی گاڑیوں نے شرکت کی۔ فلیگ مارچ ایم اے جناح روڈ ٹینک چوک سے شروع ہو کر راو سکندر روڈ گوگیرہ سمیت مختلف مقامات سے ہوتا ہوا جہاز چوک میں اختتام پذیر ہوا۔
ترجمان پولیس کے مطابق فلیگ مارچ کے اختتام پر ڈی پی او عمر سعید ملک نے کہا کہ شہر کا امن و امان قائم رکھنا پولیس فورس کی اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ضلعی پولیس ہمہ وقت کوشاں ہے، کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کیلئے ہمارے جوان اور افسران الرٹ ہیں، شہری امن و امان کی فضا قائم رکھنے کیلئے پولیس فورس کا ساتھ دیں ۔











