پشین ،05 جون ( اے پی پی): ڈویژنل فارسٹ آفیسر پشین اجمل خان کاکڑ نے کہاکہ دنیا بھر میں آج ماحولیات کا عالمی دن منایا جارہا ہے جس کا مقصد عوام میں ماحول کی بہتری اور آلودگی کے خاتمے سے متعلق شعور وآگاہی پیدا کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے پاکستان ٹیلی ویژن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ جنگلات ہمارا قومی اثاثہ ہے، اس خطہ کو سرسبز وشاداب رکھنے کا بڑا ذریعہ یہی جنگلات ہیں، جنگلات انسانی وملکی ترقی اور ماحول پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔
اجمل خان کاکڑ نے کہاکہ اس امر کی اشد ضرورت ہیں کہ دنیا بھر کے انسانوں کی درختوں کی ضرورت اور اہمیت سے متعلق شعور بیدار کیا جائے اور ان کو آنے والے خطرات سے بیدار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا سے درختوں کی بے درریخ کٹائی کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی کے علاج کی دوا یعنی جنگلات کی کٹائی انسان کی خود غرضی و مفاد پرستی کی تلوار سے بڑی بے دردی سے کی جارہی ہیں، جنگلات کی بڑی بے رحمی کٹائی کی صورتحال یہی رہی تو ہم مستقبل میں درختوں سے محروم ہو جائیں گے۔