جلالپورپیروالا ؛اہلحدیث یوتھ فورس کے زیراہتمام تحفظ ناموس رسالتﷺ ریلی کا  انعقاد، بھارت سے تجارتی و سفارتی تعلقات ختم کرنے کا  مطالبہ

15

جلالپورپیر والا،12 جون  (اے پی پی ): اہلحدیث یوتھ فورس کے زیر اہتمام تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ والہ وسلم ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی عیدگاہ چوک سے شروع ہوکر چوک فوارہ پراختتام پذیر ہوئی، ریلی کی قیادت صدراہلحدیث یوتھ فورس جلال پورحافظ سمیع اللہ ثاقب اور سعید احمد مبارکپوری نے کی۔

 مقررین نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم دنیا کا ہر ستم برداشت کرسکتے ہیں لیکن حضور پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخی ناقابل برداشت ہے، بی جے پی کی ترجمان کی پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور ارباب اقتدار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت سے تجارتی و سفارتی تعلقات ختم کر دیے جائیں اور مودی کی اسلام دشمنی کا بھر پور جواب دیا جائے۔ ریلی میں اہلحدیث یوتھ فورس کے عہدیداران سمیت علماء کرام اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔