ملتان، 12 جون (اے پی پی ):پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کی جانب سے مقامی بس اسٹینڈ پرکمرشل گاڑیوں کے ڈرائیوران کے لیےٹریفک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ ایجوکیشن انچارج سب انسپکٹر روف حسن نے اپنے لیکچر میں ڈرائیوران سے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل کر کےحادثات سے بچاؤ ممکن ہے،پہلا بنیادی اصول گاڑیوں کے منٹینس کا خیال رکھتے ہوئے تیز رفتاری سے اجتناب کرنا ہے،رونگ اوور ٹیک اوور لوڈنگ اوور پسینجرنگ سے بھی بچنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سواریوں کی سیفٹی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ڈرائیورز کو احتیاط سے ڈرائیونگ کرنی ہے بالخصوص رات کے وقت ڈرائیورزکو چست رہنے کی تلقین بھی کی گئی۔
سب انسپکٹر روف حسن نے کہا کہ سڑک پر ہونے والی غلطی یا کسی قسم کی خلاف ورزی آپ کے لیے یا پھر دوسروں کے لیے خطرناک نتائج کی حامل ہو سکتی ہے،غلطی ہرگز نہ کریں، سڑک پر ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، دوسروں کو پہلے گزرنےکاموقع دیں۔انہوں نے کہا کہ ہائی ویز پر موٹروے پولیس اور سٹی ٹریفک پولیس ملکرکمرشل بڑی گاڑیوں کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کم عمر افراد اپنے پرجوش رویے کی وجہ سے ٹریفک قوانین کی پاسداری نہیں کرتے اورٹریفک علامات کے سائن اور اصولوں کو نظر انداز کردیتے ہیں اور اسی طرح ہی کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیور حضرات میں موجود اوورٹیکنگ کا شوق اور تیز رفتاری کا جنون بھی جان لیوا حادثات کا سبب بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آگاہی مہم کا بنیادی مقصد حادثات سے بچاؤ اور شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کا شعور اجاگر کرنا ہے۔
جنرل منیجر ویڈابس اسٹینڈ نے ریجنل پیٹرولنگ پولیس آفیسر ہما نصیب کا تہہ دل سےشکریہ ادا کیا۔ سب انسپکٹر رؤف حسن نے ڈرائیورز میں معلوماتی پمفلٹ بھی تقسیم کیے۔