ملتان ؛کمشنر  عامر خٹک سے کسان اتحاد کی ملاقات، کسانوں کو بجلی کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا

8

ملتان، 15 جون (اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک سے کسان اتحاد وفد نے  جمعہ کو یہاں ملاقات کی اور کسانوں کو بجلی کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ملاقات  میں ٹیوب ویلز، بجلی کنکشن کے بقایاجات کی ادائیگی کے  بارے میں لائحہ عمل بھی طے کیا گیا۔

 کمشنر عامر خٹک نے پانی،بجلی سے متعلق مسائل کے جلد ازالے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے مسائل کا احساس ہے اور اس کے تدارک کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یوریا ، کھاد ہر جگہ دستیاب ہے، خصوصی  پوائنٹس نوٹیفائی  کئے گئے ہیں جبکہ ڈیوٹی افسران کے نمبر و دیگر معلومات پرنٹ، الیکٹرانک، سوشل میڈیا پر تشہیر کئے جاچکے ہیں۔

انہوں نے  کہا  کہ  یوریا، ڈیپ کی اکٹھی خرید بارے کاشتکاروں کو مجبور نہیں کیا جاسکتا،ڈیلرز کو واضح ہدایات دی جاچکی ہیں۔ نان ڈکلیئرڈ سٹاک بارے سخت ایکشن لیا جارہا ہے  ۔ اس سلسلے میں  جرمانے، گرفتاری اور گودام سربمہر کئے جارہے جبکہ  حکومت کاشتکاروں کو ریلیف دینے بارے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ محکمہ زراعت جعلی کھاد، فرٹیلائزرز کیخلاف کریک ڈاؤن کرے،زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس سے کھلواڑ ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے کہا کہ  بجلی چوری کا تدارک ہماری اجتماعی  ذمہ داری ہے،ایسے عناصر کی نشاندہی کریں جو بجلی چوری میں ملوث ہیں۔

وفد میں چوہدری محمد انور، چوہدری اختر علی اور دیگر جبکہ میپکو، پولیس، انتظامی افسران موجود تھے۔