کمشنر بہاولپور ڈویژن راجہ جہانگیر انور کا دورہ رحیم یار خان، ضلع کی مجموعی صورتحال بارے بریفنگ دی گئی

11

رحیم یار خان،15 جون(اے پی پی): کمشنر بہاولپور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے رحیم یار خان کادورہ کیا۔ کمشنر کو ترنڈہ محمد پناہ انٹر چینج پر قائم چیک پوسٹ پر انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے ضلع کی مجموعی صورتحال بارے بریفنگ دی اور  محکمہ زراعت، لائیوسٹاک، خوراک اور دیگر حکام نے بھی محکمانہ امور بارے بریفنگ دی۔

کمشنر بہاولپور راجہ جہانگیر انور نے ترنڈہ محمد پناہ کی لمپی سکن سے متاثرہ یونین کونسل کا بھی دورہ کیا اور   وہاں لمپی سکن سے متاثرہ مویشیوں کا مشاہدہ کیا اور  لائیوسٹاک کی فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ  فرٹیلائزر، آٹا اور گندم کی غیر قانونی نقل و حرکت کسی صورت نہ ہونے دی جائے ،انتظامی افسران غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے متعلقہ اداروں سے تعاون کریں۔سندھ پنجاب بارڈر کوٹسبزل، داعوالہ چیک پوسٹ پر کڑی مانیٹرنگ کی جائے ۔

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ مویشیوں میں لمپی سکن بیماری قدرتی آفت ہے، محکمہ لائیوسٹاک لمپی سکن بیماری کے حوالہ سے حقائق پر مبنی اعداد و شمار جمع کرے،انہوں نے  کہا  کہ مویشی پال حضرات کی آگاہی کے لئے بھرپور مہم چلائی جائے ،مویشیوں کو لمپی سکن سے محفوظ رکھنے کے لئے حکومت پنجاب نے کثیر ویکسین فراہم کی ہے ، اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں لمپی سکن کی ویکسینیشن اور روک تھام کے حوالہ سے لائیوسٹاک عملہ کی مانیٹرنگ و معاونت کریں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)  بیرسٹر بلال سلیم،  اسسٹنٹ کمشنر سرمد علی بھاگت  کمشنرکے ہمراہ تھے۔