فیصل آباد کے حلقہ پی پی 97چک جھمرہ کی نشست پر 17 جولائی کو  ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا؛ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر عرفان کوثر

28

فیصل آباد،16 جون  (اے پی پی): الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر عرفان کوثر نے کہا کہ صوبائی اسمبلی فیصل آباد کے حلقہ پی پی 97چک جھمرہ کی نشست پر 17 جولائی کو منعقد ہونیوالے ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وہ  جمعرات کوڈپٹی کمشنر فیصل آباد سہیل اشرف اور سی پی او فیصل آبادعلی ناصر زیدی کے ساتھ ضمنی الیکشن کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس کے بعدالیکشن کمیشن آفس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔  انہوں نے بتایاکہ ڈی سی اور سی پی او کے ساتھ اجلاس میں الیکشن کو پر امن بنانے کے حوالے سے مشاورت کی گئی جبکہ ٹرانسپورٹیشن پلان بھی شیئر کیا گیا تاکہ اگر مزید گاڑیوں کی ضرورت ہو توان کی تعداد بڑھائی اور تمام حلقہ پر نظر رکھی جا سکے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر عرفان کوثر نے بتایاکہ پی پی 97کے ضمنی الیکشن کے دوران 3ہزار پولیس افسران و اہلکار ان ڈیوٹی سر انجام دیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے اور کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں فوری اقدامات کئے جا سکیں۔انہوں نے بتایاکہ ضمنی الیکشن کے حوالے سے میڈیا سیل بھی بنایا جا رہا ہے جو وقتاً فوقتاً میڈیا کے ساتھ رابطے میں رہے گا اور ایک کنٹرول روم بھی بنایا جا رہا ہے تاکہ روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جا سکے۔

عرفان کوثر نے بتایاکہ وہ ضابطہ اخلاق کے حوالے سے جلد ہی پی پی 97کے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کے ساتھ میٹنگ کریں گے اور ان کو ضابطہ اخلاق کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔انہوں نے بتایاکہ 25مئی کے بعد سے پی پی 97میں کوئی ترقیاتی کام شروع نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے بھی یقین دلایا ہے کہ الیکشن مکمل ہونے تک حلقہ میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہو گا تاہم الیکشن کمیشن کی ٹیمیں بھی پچھلے 3دن سے اس حوالے سے پورے حلقہ کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔

 صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 97 ون کے ریٹرننگ آفیسر / ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ون فیصل آباد باسل اکرم نے بتایا کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی97 سے ڈی سیٹ ہونے والے سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی محمد اجمل چیمہ کی خالی ہونے والی نشست پر ضمنی الیکشن لڑنے والے امیدواروں شیر افگن،محمد اجمل چیمہ،طارق محمود، سلیم جہانگیر، محمد لقمان،فواد احمد چیمہ،آزاد علی تبسم،رضوان لیاقت،نوید شیخ، علی احمد،محمد آصف عزیز،محمد افضل ساہی،وسیم اکرم،محمد نواز،جنید افضل ساہی،فیاض احمد،سنان جہانگیر،محمد صہیب اسلم وغیرہ کو ضابطہ اخلاق کی کاپیاں فراہم کردی گئی ہیں۔

باسل اکرم نے  کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضمنی انتخاب کے لیے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور سنگین خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ امیدوار کو نااہل قرار دینے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے   بتایا کہ انتخابی شیڈول کے مطابق امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے فیصلہ کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا مرحلہ گزشتہ روز مکمل ہوگیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایسے کیسزپر فیصلے 21 جون کو کئے جائیں گے اور امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 22 جون کو جاری کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ جو امیدوار انتخاب سے دستبردار ہونا چاہیں وہ 23 جون تک دستبردار ہو سکتے ہیں جس کے بعد 24 جون کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کر دیئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ 17 جولائی کو ہوگی ۔