اسلام آباد، 16 جون (اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہماری نوجوان نسل کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، ہماری قوم کو اپنی نوجوان نسل سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں، نوجوان اپنی تمام تر صلاحیتوں کو حصول علم کے لیے بروئے کار لائیں۔
ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے جمعرات کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں پاکستان سویٹ ہومز کے زیر انتظام بینظیر بھٹو کیڈٹ کالج لاڑکانہ اور سوہاوہ گوجر خان کیڈٹ کالج کے طلباء و طالبات سے گفتگو میں کیا ۔ملاقات میں سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید ، سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان اور اراکین قومی اسمبلی نے بھی شرکت کی ۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ نوجوان نسل پر قوم کو سنوارنے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، ملکی تعمیر و ترقی کے لیے تعلیم کا فروغ کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ سویٹ ہوم کے زیر کفالت بچوں نے ہمیشہ تعلیم کے میدان میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے، اپنی محنت کے بل بوتے پر سویٹ ہومز کے بچوں کا میرٹ پر کیڈٹ کالجز میں داخلہ لینا قابل تحسین ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سویٹ ہوم بے سہارا اور یتیم کی بہترین تربیت گاہ ہے، بے سہارا بچوں کی بہترین کفالت پر سربراہ سویت ہوم زمرد خان اور ان کی ٹیم کو سلام پیش کرتا ہوں۔











