پشاور،16جون(اے پی پی ):خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی سردار فیصل امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ڈویژنل صدر مقامات کے تمام بڑے شہروں کی کایا پلٹنے کیلئے صوبائی سٹی امپرومنٹ پراجیکٹ (کے پی سپ) کے نام سے عظیم الشان منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سمیت شہری سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک کے مالی تعاون سے اس منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور شہری انفراسٹرکچر پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔
وہ بلدیات سیکرٹریٹ پشاور میں کے پی سپ کے تحت مردان میں ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت سے متعلق خصوصی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں مردان سے منتخب ارکان صوبائی اسمبلی صوبائی وزیر خوراک محمد عاطف خان، ظاہر شاہ طورو، عبدالسلام آفریدی، پراجیکٹ ڈائریکٹر سید ظفر علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ارکان اسمبلی کی سفارشات کی روشنی میں مختلف ترقیاتی پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا اور ضروری فیصلے کئے گئے۔
فیصل امین گنڈاپور نے واضح کیا کہ مردان کی ترقی کے پی سپ کے اولین ترجیحات میں شامل ہے جہاں فول پروف سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور جدید مشینری کی دستیابی یقینی بنا کر شہر کو ہر قسم کی آلودگیوں سے پاک اور صحت وصفائی اور آبنوشی کے حوالے سے بھی زیادہ بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی فعال قیادت میں پی ٹی آئی کی موجودہ صوبائی حکومت ترقیاتی پالیسیوں کے تسلسل اور صوبہ بھر کی متوازی ترقی پر یقین رکھتی ہے اور کوئی وزیر یا مشیر بدلنے سے ترقیاتی عمل میں ذرہ برابر فرق نہیں آتا، اسی طرح ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں عوام کے منتخب نمائندوں سے بھی مشاورت جاری رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کا بھی فرض ہے کہ پوری دیانتداری سے اس میں شریک ہوں اور منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل میں حکام سے ہر طرح تعاون کریں۔
سردار فیصل امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم ذاتی و سیاسی مصلحتوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایڈہاک ازم اور عارضی بنیادوں پر کام کے بجائے عوام کی آئندہ کئی عشروں کی ضروریات کے مطابق دیرپا ترقی اور منصوبہ بندی پر یقین رکھتے ہیں تاکہ ترقی کے ثمرات ہماری آئندہ نسلوں تک پہنچ سکیں۔











