لاہور،17 جون (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عام آدمی پر معاشی بوجھ کو کم کرنا اولین ترجیح ہے۔
جمعہ کو یہاں پرائس کنٹرول کے حوالے سے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 3 روز کے اندر عام آدمی کو سستے داموں کچن آئیٹمز کی فراہمی کے پروگرام کا پلان آف ایکشن پیش کیا جائے۔ مہنگائی کے باعث عام آدمی کی مشکلات کا ادراک ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے اجلاس کو ہدایت دی کہ سبزیوں کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کیلئے ہر ضلع میں باقاعدگی سے فیلڈ وزٹ کئے جائیں۔ڈپٹی کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو خود مانیٹر کرنے کی ہدایت بھی دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ فیلڈ وزٹ کا مستند ڈیٹا ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ ہونا چاہیے۔ فیلڈ وزٹ اور دیگر متعلقہ ڈیٹا میں مطابقت ہونی چاہیئے پرائس کنٹرول کے حوالے سے فیلڈ وزٹ نہ کرنے والے افسروں کو جوابدہ ہونا پڑے گا جبکہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے ہر اقدام کی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سستے آٹے کی فراہمی پر 200 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے، اس کی ایک ایک پائی عام آدمی تک پہنچنی چاہیئے۔سستے آٹے کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے ہدایت دی کہ آٹے اور گندم کی سمگلنگ روکنے کیلئے پنجاب کے خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔
سردار اویس احمد خان لغاری، بلال یاسین، ذیشان رفیق، پولیٹیکل اسسٹنٹس، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی اس کے علاوہ کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔