لاہور، 17 جون ( اے پی پی ): گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے مشکل حالات کے باوجود معاشرے کے تمام طبقوں کے لیے متوازن بجٹ دیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وہاڑی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد نے گورنر پنجاب کو وہاڑی چیمبر کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ کاروباری حضرات ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے، پچھلے دنوں فیڈرل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت دیگر وفود سے ملاقات کی،خوشی ہے کہ ان کے مسائل حل کرنے کے لیے سفارشات اعلی حکومتی حلقوں تک پہنچائیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے آئینی سربراہ کی حیثیت سے میری ذمہ داری مسائل کے حل کے لیے سفارشات آگے پہنچانا ہے۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ خوشی ہے کہ جنوبی پنجاب سے پہلا چیمبر آف کامرس آیند انڈسٹری کا وفد ملاقات کے لیے آیا ہے، اس وقت اکیڈیمیہ انڈسٹری روابط کی بہت ضرورت ہے۔ نشستن، گفتن برخاستن نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتا ہوں۔
وفد نے وہاڑی چیمبر کے لیے جگہ، گیس بجلی، دو طرفہ سڑک کی فراہمی، ڈویلپمنٹ سیکٹر میں ہاوسنگ کالونیوں کی منظوری، رجسٹری پر عائد پابندی سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا ۔گورنر پنجاب نے ان کے مسائل اور سفارشات کو متعلقہ اعلی حکومتی حلقوں تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی وفد نے حکومت کا بیج پر جنرل سیلز ٹیکس ختم کرنے کے اقدام کو سراہا۔
ملاقات میں بانی، سابق صدر حافظ محمود احمد شاد، نائب صدور چوہدری حسیب سرور، ایگزیکٹو ممبران شامل تھے۔