سکھر،18 جون (اے پی پی ): وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کے درمیان پانی کی تقسیم کے تنازعے کو حل کرنے کے لیےدی گئی ہدایات پر جوائنٹ سیکریٹری واٹر کمیشن سید میہر علی شاہ کی سربراہی میں ایک ٹیم نے دریائے سندھ میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سکھر بیراج کا دورہ کیا۔ٹیم کو آبپاشی حکام کی جانب سے بیراج کے دورے کے بعد ایگزیکٹو انجنیئر سکھر بیراج کے دفتر میں بریفنگ دی گئی۔
آبپاشی حکام نے بریفنگ کے دوران ٹیم کو بتایا کہ دریائے سندھ میں سکھر اور گڈو بیراجز پر اس وقت 60 فیصد پانی کی قلت ہے جس کی وجہ سے سکھر اور گڈو بیراجز سے نکلنے والی کئی نہریں بند ہیں جیسے ہی دریائے سندھ میں پانی کی قلت ختم ہوگی، بلوچستان کو بھی اس کے حصے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔
ٹیم میں بلوچستان سے رکن قومی اسمبلی خالد مگسی ،ارسا چیئرمیں زہاد جونیجو ،بلوچستان کے صوبائی وزیر آبپاشی ،بلوچستان و سندھ کے آبپاشی سیکریٹریز،سکھر اور گڈو بیراجز کے چیف انجنیئرز شامل تھے۔











