وزارت مذہبی امور چاہتی ہے کہ متروکہ وقف املاک سے غیر مسلم زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں ، وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کی لاہور میں میڈیا سے گفتگو

18

لاہور 19 جون ( اے پی پی ): وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبد الشکور نے کہا کہ پچھلی حکومتوں کے مقابلے میں ہم نے حج میں سبسڈی دی ،سب چیزیں مہنگی ہو رہی ہیں لیکن حج سستا ہو گیا، متروکہ وقف املاک بورڈ کی زمینوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈیجیٹلائز کر  دیا گیا ہے، بیت المال کو کرپشن سے پاک کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز متروکہ وقف املاک بورڈ کے ہیڈ آفس میں ڈیٹا سنٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ حبیب الرحمن گیلانی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے کہا کہ پچھلی  حکومت  کے دور میں حج اخراجات 9 لاکھ سے تجاوز کر گئے تھے جسے موجودہ حکومت ساڑھے چھ لاکھ پر لے آئی ہے، سبسڈی دینے پر  وزیراعظم محمد شہبازشریف کا شکریہ ادا کر تے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش و ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی کیلئے شفافیت سے کام لیا، حج اخراجات میں کمی کیلئے بڑی محنت کی، متروکہ وقف املاک بورڈ کی زمینوں کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے، اقلیتی برادری کی وقف زمینوں پر اب کوئی قبضہ نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہماری قومی املاک ہیں، سارے ریکارڈ تک رسائی کے کام کو آسان بنا دیا گیا ہے، اب گھر بیٹھے تمام پراپرٹی کا ریکارڈ دیکھ سکتے ہیں اور زمینوں کی نیلامی میں حصہ لے سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے متروکہ وقف املاک بورڈ کی زمینوں کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے اور اسے عام آدمی کی رسائی تک پہنچانے کے ٹرسٹ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے زمانے اور موجودہ دور میں بہت فرق ہے اب دنیا ایک بٹن کلک کے فاصلے پر ہے، بیت المال کو کرپشن سے پاک کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے، قومی املاک میں کرپشن کرنے والوں کا آخرت میں بہت برا انجام ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی آزاد ادارہ ہے اس پر  دبا و ڈال سکتے ہیں نہ اسے غلام بنا سکتے ہیں، صرف مشورہ دے سکتے ہیں۔