روزانہ کی بنیاد پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیاجارہاہےتاکہ مصنوعی مہنگائی اور گرانفروشی کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جویریہ مقبول

7

نارووال،22جون  (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)جویریہ مقبول نے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو استحکام میں رکھنے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی سمیت اشیاءخورونوش اور سبزیوں وپھلوں کی سستے نرخوں پر فراہمی کا جائزہ لیاجارہاہے تاکہ ضلع میں مصنوعی مہنگائی اور گرانفروشی کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنرنارووال کی ہدایت پرروزانہ کی بنیادپر منعقدہ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔فوکل پرسن برائے پرائسز ڈی او انڈسٹریز ذیشان نیاز، فوڈ،زراعت،انفارمیشن،لائیوسٹاک ،مارکیٹ کمیٹی کے افسران سمیت تاجربرادری کےنمائندگان اور پرائس کمیٹی ارکان  نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لینے سمیت پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی اور دیگر امور زیر بحث لائے گئے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرنارووال نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کی فلاح کےلئے ہمہ وقت کوشاں ہے کسی بھی عناصر کو مصنوعی مہنگائی ، ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بازاروں اور مارکیٹوں کے وزٹ کرکے مہنگائی کے مرتکب دوکانداروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھیں،ریٹ لسٹیں نمایاں جگہوں پر نمایاں کروایں اورموقع پر موجود صارفین سے خرید کی گئی اشیائے بارے ریٹس کی جانچ کی جائے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر پنجاب حکومت کا فوکس ہے تاکہ شہریوں کو مہنگائی سے چھٹکارا حاصل ہو۔