کراچی ۔25جون (اے پی پی):پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 117ویں مڈشپ مین اور 25ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نیول اکیڈمی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے وزیرا عظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ پاس آؤٹ ہونے والے دستے میں 23 مڈ شپ مین شامل تھے جن میں 4 کا تعلق پاکستان, 14 بحرین ڈیفنس فورسز، 3 فلسطین اور 2 کا تعلق قطر سے تھا۔ پاس آؤٹ ہونے والوں میں 19 شارٹ سروس کمیشن کورس کے افسران بھی شامل تھے۔ مہمان خصوصی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ لیفٹیننٹ سید اِرتضیٰ حیدر نقوی کو مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر قائداعظم گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ بحرین سے تعلق رکھنے والے مڈشپ مین عدنان محمدابراہیم جاسم بدرنے اکیڈمی ڈرک حاصل کی۔ آفیسر کیڈٹ نوفِل ملک کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی گولڈ میڈل جبکہ شارٹ سروس کمیشن کورس کی آفیسر کیڈٹ سمعیہ سجاد کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ کوارٹر ڈیک اسکواڈرن پرافیشنسی بینر کا حقدار ٹھہرا۔قبل ازیں خطبہ استقبالیہ میں کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور سہیل احمدعزمی نے نیول اکیڈمی میں پاکستانی اور دوست ممالک کے کیڈٹس کو دی جانے والی معیاری تعلیم پر روشنی ڈالی۔ کمانڈنٹ نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ مضبوط کردار کے افسران بننے کے لیے وفاداری، غیرت اور ہمت کے نظریات کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔کمیشننگ تقریب میں سینئر سول، عسکری حکام, کیڈٹس کے والدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔











