اوکاڑہ،27جون(اے پی پی): پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ملک ریاست نے کہا ہے کہ مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے تاجر تنظیموں کا تعاون قابل ستائش ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ آفیسر آئی پی ڈبلیو ایم سمیت تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عباس ذوالقرنین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ملک ریاست نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹی کے روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے اجلاس اس بات کے غمازی ہیں کہ ضلعی انتظامیہ لوگوں کو ریلیف دینے کے لئے انتہائی سنجیدہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی حالیہ لہر عام لوگوں کے لئے مشکل اور پریشانی کا باعث ہے لیکن ان حالات میں بھی پرائس مجسٹریٹس پھلوں و سبزیوں اور کریانہ کی اشیاء کی تواتر سے سپلائی چین کو برقرار رکھنے اور مقررہ نرخوں پر فروخت کے لئے تمام تر اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ریلیف دینے اور مقررہ نرخوں پر اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے ۔











