کوئٹہ،1جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ پاکستان میں پسماندہ اور غریب طبقات کی مالی معاونت کے لئے 28 ارب روپے کی ٹارگیٹڈ سبسڈی فراہم کی گئی جبکہ اس مقصد کے لئے مزید 48 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ،اس سبسڈی سے بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ مستحقین کے علاوہ 40 ہزار ماہانہ سے کم آمدن والے خاندان بھی استفادہ کرسکیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ ملک بھر میں بی آئی ایس پی کی مالی معاونت سے اسی لاکھ خاندان استفادہ کررہے ہیں، اس پروگرام کو اقوام متحدہ سمیت پوری دنیا میں سراہا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پروگرام میں وسعت کرتے ہوئے اب اس میں غذائی قلت کے تدارک اور ترویج تعلیم کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان سے غربت اور پسماندگی کا خاتمہ وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف تین بار بلوچستان کا دورہ کرچکے ہیں اور اب بلوچستان کے مسائل پارلیمنٹ اور کابینہ کے ہر اجلاس میں زیر بحث آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نئے مراکز کے قیام کے ساتھ ساتھ 25 موبائل یونٹ بھی تشکیل دئیے جاررہے ہیں تاکہ جن خواتین کی بی آئی ایس پی مراکز تک رسائی نہیں وہ ان موبائل یونٹس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مہنگائی کے عفریت سے نمٹنے کیلئے غریب طبقات کو کسی نہ کسی شعبے میں ٹارگیٹڈ سبسڈی دی جاررہی ہے،معاشی حالات کی بہتری کے ساتھ ہی سبسڈی کا دائرہ بتدریج وسیع کیا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 95 کے تحت تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا گیا ،ہمیں اقتدار کا شوق نہیں لیکن عمران خان حکومت کا خاتمہ نہ کیا جاتا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے بی آئی ایس پی 2008 میں صدر آصف علی زرداری نے شہید رانی بینظر بھٹو کے مشن کو پایا تکمیل تک پہنچانے کے لئے قائم کیا اور 2010 میں پارلیمنٹ سے ایک ایکٹ کے ذریعے اس کو قانونی شکل دی لیکن ماضی میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کوختم کرنے کی کوشش کی گئی جو الحمد اللہ ناکام ہو ئی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی مستحق خواتین کی سہولت کے لئے تحصیل کی سطح پر بی آئی ایس پی کے دفاتر کھولے جائیں گے۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے لئے دس لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا ۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی،کوئٹہ ڈویژن کے صدرخیرمحمد ترین ، ضلع کوئٹہ کے صدر میر نصیب اللہ شاہوانی ،کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ، سکینہ عبداللہ خان ، محی الدین رند،صوبائی میڈیا کوارڈی نیٹر حیات خان اچکزئی،سردار عمران بنگلزئی،ثناءاللہ جتک ، ندیم خان آفریدی ، ملک ذیشان ،ربانی خلجی ،جبار خان خلجی اوردیگر پارٹی رہنماءبھی موجود تھے۔











