لاہور ، جولائی 4 (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سیاسی امور رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ، وزیراعظم محمد شہباز شریف دن رات محنت کر کے ملک کو بہتری کی طرف گامزن کر رہے ہیں ، اداروں کو مضبوط کرنے کے لئے تمام صوبوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ترقی کا سفر جہاں 4سال قبل چھوڑ کر گئی تھی آج وہیں سے ہم دوبارہ آغاز کر رہے ہیں،18ویں ترمیم کے بعد تمام صوبے بااختیار ہیں مگر ہم ملک کی بہتری کے لئے تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے ملک کو جو نقصان پہنچایا ہے مسلم لیگ(ن) اس کا ازالہ کر رہی ہے اور اس حوالے سے حالیہ بجٹ میں ملک کی ترقی کے لئے خصوصی فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت اپنی مدت پوری کر ے گی، سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلانے والے اپنے ذاتی مقاصد کے حصول کے لئے کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ۔