اسلام آباد،07جولائی(اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی سولرائزیشن کے لیے پر عزم ہیں اور چین کیساتھ قابل تجدید توانائی کے ذرائع خصوصاً ہائیڈل، سولر اور ونڈ کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفارت خانے کی ناظم الامور پینگ چنکسو کی سربراہی میں چائنہ تھری گور جز انٹرنیشنل (CTGI)، کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے وفد سے گفتگو میں کیا، جنہوں نے جمعرات کو یہاں وزیر اعظم سے ملاقات کی۔
وزیر اعظم نے کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بروقت تکمیل اور اس سے کمرشل آپریشن کے آغاز سے قبل پاکستان کو بجلی کی مفت فراہمی پر چائنہ تھری گور جز انٹرنیشنل (CTGI) کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نےتھرمل ذرائع سے مہنگی بجلی بنانے کے لیے تیل اور گیس کی درآمد پر خرچ ہونے والے قیمتی زرمبادلہ کے ذخائرکو بچانے کے لیے ملک میں سولر انرجی پیدا کرنے کے لیے دستیاب وسائل کو بھرپور انداز میں بروۓ کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے CTGI کو اس سلسلے میں کم از کم 7000-8000 MW بجلی بنانے کے لیے جامع تکنیکی، مالی اور معاشی پلان عید کے بعد پیش کرنے کو کہا۔
بعد ازاں CTGI نے وزیر اعظم سے کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے درکار سرمایہ کاری Sinosure China سے حاصل کرنے کے لیے لیٹر آف سپورٹ (Letter of Support, LOS) کی مدت میں توسیع کی درخواست کی۔وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو 20 جولائی تک نیا لیٹر آف سپورٹ جاری کرنے کی ہدایت کی اور انہیں کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر کے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، وزیر توانائی انجینئیرخرم دستگیر، وزیر براۓ آبی وسائل سیدخورشیداحمد شاہ، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ظفر الدین محمود اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔











