اٹک،07جولائی( اے پی پی ): ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی شعیب خان جدون اور ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی ضلع اٹک مہتاب احمد خان کی ہدایات پر سیفٹی فوڈ ٹیم کیجانب سے مضر صحت اشیاء کی روک تھام کیلئے چھاپوں اور فوڈ چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ عیدالاضحٰی کے موقع پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں جعلی اور مضر صحت مشروبات فروخت کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے ہزاروں لیٹر(5571 لیٹر) مضر صحت کولڈ ڈرنکس کو موقع پر ضبط کر کے فیکٹری مالک کے خلاف مقدمات درج کرا دیئے ہیں۔
اس حوالے پر ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی ضلع اٹک مہتاب احمد خان نے سیفٹی ٹیم انچارج ظہور احمد کے ہمراہ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی شعیب خان جدون نے ملاوٹ کرنے والے عناصر اور جعلسازوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کررکھے ہیں خصوصاً عید کے موقع پر کھانے پینے کی ناقص اشیاء سے عوام کو بچانے کیلئے آپریشنز کئے جا رہے ہیں تاکہ عید کے موقع پر عوام بیمار ہو کر ڈاکٹرز اور ہسپتالوں کے چکر میں نہ پڑیں کیونکہ چھٹیوں میں اکثر ہسپتال اور کلینکس بند ہوتے ہیں۔











