لاہور ، 9 جولائی (اے پی پی): گورنر پنجاب میاں محمد بلیغ الرحمن سے عقیل نجم ہاشمی سابق مئیر بہاولپور کی قیادت میں یوتھ ونگ کے وفد نے ملاقات کی اور محمد بلیغ الرحمن کو گورنر پنجاب کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔وفد میں رانا راشد جاوید ایڈووکیٹ سٹی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن، سابق بلدیاتی نمائندوں اور مسلم لیگ ن یوتھ ونگ و سوشل میڈیا ٹیم کے عہدیدار شامل تھے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے اقدامات کیے. بہاولپور میں مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کو آگے نہیں بڑھایا گیا۔مسلم لیگ نے جو ترقیاتی کام پچھلے دور حکومت میں شروع کرائے تھے وہ مکمل ہو جانے چاہئیں تھے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پچھلے دور حکومت میں ترقی کے کام جہاں چھوڑ کر گئے تھے وہیں رکے ہوئے ییں. مشکل وقت میں سیاست کا نہیں بلکہ ملک کو بچانے کا سوچا ہے،نیک نیتی سے کیے گئے فیصلوں کے اچھے نتائج ہوتے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ بطور چانسلر اپیلیں آتی ہیں۔ کئی اپیلیں ڈیڑھ ڈیڑھ سال سے التوا کا شکار تھیں. بطور چانسلر مختلف اپیلوں کو سننا اور لوگوں کو انصاف دینا اولین ترجیح ہے.۔ انھوں نے کہا کہ سٹاف کو عیدالاضحیٰ کے بعد اپیلوں کو نمٹانے سے متعلق سپیڈ کو ڈبل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔











