ملتان،9جولائی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نےملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی جانب سے قائم آگاہی کیمپ کا افتتاح کردیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے آگاہی کیمپ میں شہریوں میں پلاسٹک بیگ بھی تقسیم کئے۔
اس موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہری قربانی کے جانوروں کی آلائشیں پلاسٹک بیگ میں ڈال کر کمپنی ورکر کے حوالے کریں اور عیدصفائی آپریشن کامیاب بنانے کے لئے کمپنی کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے بتایا کہ آلودگی کو پھیلنے سے روکنے کے پیش نظر بائیو ڈیگر یڈایبل پلاسٹک بیگ تیار کرائے گئے ہیں جو گھریلو استعمال کے قابل نہیں اور کچھ وقت گزرنے کے بعد خود بخود تحلیل ہوجاتے ہیں۔
سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی امیرحسن نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جانوروں کی آلائشوں کے لئے پلاسٹک بیگز کی گھر گھر تقسیم شروع کردی گئی ہے اور کمپنی ورکر گلی محلوں میں ڈور ٹو ڈور بیگ تقسیم کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہر کے مختلف ایریاز میں کمپنی کی جانب سے 15 آگاہی کیمپ بھی سجا دئے گئے جہاں سے شہریوں کو پلاسٹک بیگ فراہم کئے جارہے ہیں۔
سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی امیر حسن نے بریفنگ میں بتایا گیا کہ آگاہی کیمپس چوک کچہری،شاہین مارکیٹ، گھنٹہ گھر،خونی برج، گول باغ،رشید آباد چوک ،چوک کمہارنوالہ، پیراں غائب روڈ، جناح چوک،سو فٹی روڈ شاہ رکن عالم،دولت گیٹ،بی سی جی چوک،چوک شاہ عباس، وہاڑی روڈ اور بلال چوک شجاع آباد روڈ پر قائم کئے گئے ہیں۔