پیغام پاکستان کا بیانیہ پوری قوم کا بیانیہ ہونا چاہیے، ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان

33

گلگت۔25جولائی  (اے پی پی):گلگت میں ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیراحمد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ  پیغام پاکستان کا بیانیہ پوری قوم کا بیانیہ ہونا چاہیے،کرپشن اور قتل و غارتگری کا ناسور ہماری جڑوں میں سرایت کر چکا ہے،ان سے چھٹکارا پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر پیغام پاکستان کے بیانیے کو فروغ دینے کی صورت ہے۔ انہوں نے کہا  کہ جونہی مرکز اور دیگر صوبوں میں اس بیانیے بارے قانونی سازی ہوگی تو اسے گلگت بلتستان اسمبلی فورا ًایڈپٹ کر لے گی۔  اس موقع پر اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الحق نے کہا کہ   اپنے گھر کو  ہم نے خود خراب کیا ہے اور ہم نے ہی اسے ٹھیک کرنا ہے۔ پیغام پاکستان ہمیں بتاتا ہے کہ ہمارے مسائل کیا ہیں اور انکا حل کیا ہے۔پاکستان کی تمام سیاسی پارٹیاں ہمارے بیانیے کو سپورٹ کرتی ہیں تاکہ  لوگوں کے درمیان جو اختلافات ہیں انہیں ختم کیا جائے اور  ذہنی ہم آہنگی ہو اور ملک ترقی کر سکے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمینٹیرین نے ہمیشہ پیغام پاکستان کے بیانیے کی سپورٹ کی ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی معاشرے میں لگی آگ کو بجھانے میں ہماری مدد کریں گے ۔ پیغام پاکستان میں وطن سے محبت بھی ہے اور نوجوانوں کے مسائل کا حل بھی ہے،پیغام پاکستان وہ وسلیہ جس کے ذریعے ہم پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جا سکتے ہیں۔ اس موقع پر وزیر خزانہ گلگت بلتستان جاوید منوا نے کہا کہ پاکستانی سماج کو راہ راست پہ لانے کا جو  بیڑا اٹھایا ہے اس پر میں پیغام پاکستان کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔اس موقع پر ددی جواری انسٹیٹیوٹ فار پبلک پالیسی کے ڈائریکٹر جنرل اظہار ہنزائی نے کہا ہے کہ اگر ہم نے ایک قوم بننا ہے تو سائنسی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے نوجوانوں پر اپنی توجہ مرکوز کرنی ہوگی ۔ ممبر گلگت بلتستان اسمبلی غلام محمد نے کہا کہ پیغام پاکستان کا جو میسیج ہے یہ ہم سب کی دلوں کی آواز ہے۔