ریسکیو1122 نے بارشوں سے متاثرہ علاقوں سے 260 سے زائد محصور افراد کو نکالا،

38

پشاور، 25جولائی(اے پی پی): ڈاکٹر خطیر احمد ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 نے بتایا کہ حالیہ بارشوں اور دریائے کابل میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث مچنی کے قریب وزیر کلے۔بیلہ مہمندان، پرچاوے اور شاہ عالم پل کے علاقے زیر آب اگئے، جہاں ریسکیو1122 نے رات کے اندھیرے میں گھروں میں محصور افراد جن میں خصوصی طور پر خواتین اور بچے شامل تھے کو نکالا اور ریسکیو1122 کی کشتیوں میں محفوظ مقام پر منتقل کیا، ڈاکٹر خطیر احمد نے بتایا کہ  ریسکیو1122 نے گزشتہ روز دریائے کابل کے کنارے کیمپ قائم کیا جس کا مقصد ایمرجنسی میں بروقت خدمات کرنا تھا اور یہی وجہ ہے کہ رات گئے ان کیمپس سے ریسکیو1122 کے اہلکاروں نے بڑی تعداد میں محصورین کو نکالا۔   اس موقع پر ریسکیو1122 کی 5 چھوٹی کشتیوں۔ ریکوری ویکل ، 5 ایمبولینسز، 90 اہلکاروں اور ہیوی مشینری نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔ ریسکیو1122 نے تربیلا ڈیم کے سپل وے کھولنے کی وجہ سے دریائے سندھ کے کنارے نوشہرہ، صوابی اور ہری پور کے علاقوں میں اپنی ٹیمیں بمعہ مشینری تعینات کردیں ہیں۔