ملتان۔25جولائی (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر رفعت مختار راجہ نے کہا ہے کہ تفتیشی افسران معاملات کو باریک بینی اور سائنسی بنیادوں پر پرکھیں تاکہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جاسکیں،تفتیشی امور میں میرٹ کو مقدم رکھا جائے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نےبرانچ ہیڈز اور ریجنل انوسٹیگیشن برانچ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں ایس ایس پی ریجنل انوسٹیگیشن برانچ راؤ نعیم شاہد ، اے ڈی آ ئی جی سعدیہ سعید ، پرسنل سٹاف آ فیسر محمد یوسف بھٹی ، ڈی ایس پی ریجنل انوسٹیگیشن برانچ عطیہ ناہید، ڈی ایس پی لیگل افتخار احمد ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالر حیم ودیگر افسران نے شرکت کی۔اس موقع پرانوسٹیگیشن افسران سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او نے مزید کہا کہ برانچز ہیڈ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے دفتری معاملات خوش اسلوبی سے سر انجام دیں،سستی اور کاہلی کے حامل افسران کو برداشت نہیں کیا جائیگا ، ان کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہو گی۔ دریں اثنا آ رپی او نے ریجنل آ فس کے برانچز ہیڈ سے میٹنگ کی ، جس میں ان کی کاکردگی کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا،اس بارے آ ر پی او نے ہفتہ وار کار کردگی رپورٹ بھی طلب کی۔آ خر میں انہوں نے کہاکہ دفتر آ نے والے سائلین کے مسائل حل کرنا آ پ کی ذمہ دار یوں میں شامل ہے،سائلین کی دعائیں لیں تاکہ آپ کے لئے آ سانیاں پیدا ہوں۔بعد ازاں آر پی او نے ملتان ریجن وہاڑی،خانیوال اور لودھراں کے ڈیٹا پراسیسنگ افسران اور سی آر او انچارجز سے بھی میٹنگ کی ان کو حکم دیا گیا کہ وہ اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں ریکارڈ کی تکمیل کریں ، مجرمان کے شناختی کارڈ نمبر بھی اپ ڈیٹ کریں، تمام ملزمان کا سی آر او ریکارڈ مرتب کریں۔











