فیصل آباد ۔25جولائی (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) فیصل آباد کے زیر اہتمام پیر کی شام مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما چوہدری شیر علی کی زیر قیادت ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس میں ان کے صاحبزادے سابق وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی، لیگی ممبر صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل، صدر پی ایم ایل این فیصل آباد اعجاز شیخ، مسلم لیگ (ن) فیصل آباد ڈویژن، ضلع و سٹی کے عہدیداران، سابق بلدیاتی نمائندگان اور لیگی ورکرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شاندار ریلی کا آغاز ممبر صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل کے مرکزی دفتر ڈجکوٹ روڈ فیصل آباد سے کیا گیا جس میں کاروں، جیپوں، ویگنوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں پیدل بھی شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے بڑی تعداد میں بینرز، پوسٹرز، فلیکسز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر موجودہ ملکی صورتحال کے حوالے سے مختلف نعرے درج تھے جبکہ پارٹی کے جذباتی کارکنان زبردست نعرے بازی بھی کرتے رہے۔ ریلی فیصل آباد شہرکے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی چوک گھنٹہ گھر پہنچی جہاں ریلی نے جلسہ کی شکل اختیار کرلی۔ ریلی کے شرکا سے خطاب میں چوہدری شیر علی نے کہا کہ ہم سیاست نہیں ریاست بچانے کیلئے نکلے ہیں اسلئے عوام ہمارے ساتھ چلیں جبکہ اب وقت آگیا ہے کہ آرٹیکل 63 اے کی ایک ہی بار مکمل تشریح کیلئے عدالت عظمیٰ کا فل کورٹ تشکیل دیکر تمام ابہام کا خاتمہ کیا جا ئے۔انہوں نے کہا کہ ملک بچاؤ ریلی صرف ایک رسمی ریلی نہیں بلکہ ہم حقیقی طور پر ملک بچانے نکلے ہیں جس کیلئے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں نے جس فقیدالمثال طریقے سے ریلی کا استقبال کیا اس پر وہ نہ صرف ان کے شکر گزار بلکہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ تاجر برادری بھی مسلم لیگ (ن) کے مشن میں اس کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک کو نہ بچایا جاتا توآج یہاں سری لنکا جیسے حالات ہوتے اور پاکستان کب کا ڈیفالٹ کرگیا ہوتا۔چوہدری شیر علی نے کہا کہ فیصل آباد نے ہر دور میں پارٹی کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مشکل حالات ہیں تاہم وقت آنے پروہ پارٹی قیادت سے بات کریں گے اور اب اگر انہیں وزارت کی آفر ہوئی بھی تووہ قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ریلی میں فیصل آباد کے تاجر، مزدور، کسان، طلبا اور غربا ہر قسم کی قربانی دیکر ملک کو بچانے کیلئے نکلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو حالات پیدا ہوگئے تھے اگر ہم حکومت نہ لیتے تو ملک دیوالیہ ہوکر سری لنکا بن جا تا۔انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان، ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر کہاں ہیں۔ ملک کا تماشہ بنادیا گیاہے ، قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے استعفے کیوں منظور نہیں کئے جارہے۔











