اتحاد بین المسلمین اور “پیغام پاکستان” کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے؛مولانا عبد الخبیر آزاد

10

 ملتان، 26 جولائی (اے پی پی):چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا ہے کہ اتحاد بین المسلمین اور “پیغام پاکستان” کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ، قیام امن کیلئے علما کا بھرپور تعاون سیکورٹی اداروں کے ساتھ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں  امن کانفرنس  کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میں محرم الحرام میں قیام امن اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ پر اتفاق رائے کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں اتحار بین المسلمین پنجاب کے امن وفد کی تشکیل پر غور ہوا۔

 مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا اپنے مسلک کو چھوڑو نہ، کسی کے مسلک کو چھیڑو نہ۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں علماء کرام اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، اللہ نے یہ ملک ہمیں  نعمت کے طور پر دیا ہے۔

مولانا عبدالخیر آزاد نے کہا ہمیں اپنا کردار وحدت کے لیے امن کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے ۔ ہماری افواج ،پولیس ،سیکورٹی اداروں نے جو قربانیاں دی ہیں ہم اسے سلام پیش کرتے ہیں ، ہمیں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے باہر کا کوئی ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دینا ہے۔

کانفرنس میں شریک کمشنر عامر خٹک نے کہا ڈویژن میں امن و امان کی مثالی صورتحال قائم ہے۔ انہوں نے  کہا کہ  لاؤڈ سپیکر اور متنازعہ بیانات پر سخت ایکشن ہوگا جبکہ علماء کرام اور سول سوسائٹی سے بھرپور تعاون کی امید ہے۔

کانفرنس میں آر پی او رفعت مختیار راجہ نے امن و امان کے حوالے سے بریفننگ بھی دی۔اس موقع پرکانفرنس میں ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو اور ڈویژنل انتظامیہ بھی شریک تھی۔