کوئٹہ،29جولائی(اے پی پی ): مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیر آذاد نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا اور نہ ہی ملک کے کسی بھی علاقےسے شہادتیں موصول ہوئیں لہذا یکم محرم الحرام 31 جولائی بروز اتوار کو ہوگا۔ یہ اعلان انہوں نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے کوئٹہ میں منعقدہ اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر کے تمام صوبوں میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس منعقد ہوئے ملک کے بیشتر مقامات پر موسم ابرآلود رہا تاہم ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی لہذا پہلا محرم الحرم 31جولائی بروز اتوار کو ہوگا انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ایک مقدس مہینہ ہے جس میں ہم سب کو ملک میں امن وامان کیلئے خصوصی دعا کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اپنے اندر وحدت پیدا کرنے کی ضرورت ہے میں پیغام دیتاہوں کہ ملک دشمن کے کسی بھی منصوبے کو کامیاب ہونے نہیں دینگے ملک کا ہر فرد اپنے ملک کا دفاع کرنے والی پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے۔











