ناراض بلوچ بھائیوں کو سمجھنا چاہیے کہ بات چیت ہی ہر مسئلے کا حل ہے؛ ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ

14

اسلام آباد، 30 جولائی (اے پی پی ): بلوچستان حکومت کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہناراض بلوچ بھائیوں کوسمجھنا چاہیے کہ بات چیت ہی ہر مسئلے کا حل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو بلوچستان ہائوس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے لیکن امن و امان کی بگڑی ہوئی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے ناراض بلوچ بھائیوں کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ قومی دھارے میں شامل ہوں، بات چیت تمام مسائل کا حل ہے، اسلحے کے زور پر مسائل حل نہیں ہوا کرتے۔

 فرح عظیم شاہ نے کہا کہ آج مسنگ پرسنز پر بہت بات ہوتی ہے اور یہ ایک حساس معاملہ ہے اور بلوچستان کے حوالے سے اس مسئلے کو زیادہ اجاگر کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوچا تھا کہ آج میں اپنی پریس کانفرنس کا آغاز ان الفاظ سے کروں گی کہ ہم چاہے کسی بھی اعلی عہدے پر فائز ہوں عوامی خدمت گار ہیں، عوام کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سیلاب کی زد میں ہے لیکن آج بھی ہم اس مسئلے کی بجائے مسنگ پرسنز اور ناراض بلوچوں کے حوالے سے بات کر رہے ہیں جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہمیں کتنا ناراض بلوچ بھائیوں کی تکالیف کا احساس ہے۔