لاہور، 30جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاہے کہ حکومت کے پاس عوام کو سبسڈی دینے کے پیسے نہیں اس لئے عوام کومہنگائی کا سامنا ہے،ضمنی انتخابات میں ہمیں مشکل فیصلوں کی سیاسی قیمت ادا کرنا پڑی۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ انشاء اللہ چند ماہ میں معیشت کو مستحکم کر کے الیکشن کی طرف جائیں گے ، ہم نے عمران خان کے گناہوں کا بوجھ اٹھایا ، اپنی سیاسی ساکھ کو دائو پر رکھ کر ریاست اور معیشت کو بچانے کا فیصلہ کیا ،ضمنی انتخابات میں ہم زیادہ سیٹیں جیت سکتے تھے لیکن الیکشن سے چند ماہ پہلے ہمارے مشکل فیصلوں کی وجہ سے عوام نے اپنا ردعمل ظاہر کیا ، ہم نے اپنی سیاسی ساکھ کو بچانے کے لئے قربانی دی ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان ملک کو سری لنکا جیسے حالات سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، ہم نے ملک کو بچانے کے لئے اپنی سیاست دائو پرلگا دی ، پاکستان سری لنکا نہیں بن سکتا کیونکہ ملک میں محب وطن حکومت موجود ہے ۔
وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا کہ عمران کی غلط پالیسیوں اور آئی ایم ایف کے معاہدے کی وجہ سے آج ملک میں مہنگائی ہے، عمران خان اپنے غلط معاشی فیصلوں کی وجہ سے پاکستانی معیشت کے نٹ بولٹ کھول کر چلے گئے جبکہ ہم معیشت کے نٹ بولٹ دوبارہ کس رہے ہیں ، اگلے چار سے چھ ماہ اندر ملکی معیشت میں استحکام آ جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی قسط ملنے کے بعد روپے کی قدر مستحکم ہو جائے گی،ڈالرخرید کر منافع کمانے والوں کے ہوش ٹھکانے آ جائیں گے،ملک کو عمران خان کے انتشار کی نہیں استحکام کی ضرورت ہے ۔











