میرپورخاص،01 اگست(اے پی پی):سی آئی اے پولیس و ایس ایچ او محمود میر محمد کیریو کی کاروائی، چرس شراب اور چوری کے سامان اور رقم کی برآمدگی سمیت چار ملزمان گرفتار، تین مقدمات درج۔ جبکہ سی آئی اے پولیس نے حیدر آباد چوری شدہ کار بر آمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
میرپورخاص سی آئی اے پولیس کی اہم کاروائی، مورخہ 23 اپریل 2013 کو حیدرآباد کی حدود کینٹ سے چوری ہونے والی مہران کار ماڈل 2010 برآمد، ملزم گرفتار۔23 اپریل 2013 کو بنام منظور حسین شاہ پروجیکٹ مینیجر ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کی گورنمنٹ نمبرپلیٹ کی مہران کارحیدرآباد کی حدود کینٹ سے چوری ہوگئی تھی۔انچارج سی آئی اے عنایت علی زرداری کی سربراہی میں ہمراہ ٹیم ایس آئی شاہنواز وسان نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کاروائی کرتے ہوئے ٹاؤن تھانے کی حدود اسٹیٹ لائف سے ملزم بنام عزیز اللّه ولد کنگھار راہموں ضلع مٹھی تھرپارکر کو گرفتار کر کے حیدرآباد سے چوری ہونے والی گورنمنٹ نمبر پلیٹ کی مہران کار برآمد کر لی۔ ملزم خود کو سرکاری ملازم ظاہر کر کے چوری شدہ کار پر سرکاری نمبر پلیٹ لگا کر کار استعمال کر رہا تھا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 81/2022 زیر دفعہ 411,171,170 ٹاؤن تھانے میں درج، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری کاروائی میں ایس ایچ او محمود آباد میر محمد کیریو نے خفیہ اطلاع پر محمود آباد پھاٹک پر کاروائی کرتے ہوئے 20 لیٹر دیسی شراب سمیت ملزم عبدالرشید بلوچ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کردیا، اسی طرح کی ایک اور کاروائی کرتے ہوئے پبلک اسکول موڑ رنگ روڈ پر 140 گرام چرس سمیت ملزم محمد جاوید آرائیں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کردیا جبکہ بخاری ٹاٶن میں چند روز قبل اسلم جٹ کی ہونیوالی چوری کی واردات کے ملزمان ظہور اور فیصل راجپوت کو مسروقہ سامان اور نقدی سمیت گرفتار کرلیا۔











