نارووال،یکم اگست( اے پی پی):حکومت پنجاب کےخصوصی احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنرشاہدفریدکی سربراہی میں ضلع کی تینوں تحصیلوں میں ماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد،اسسٹنٹ کمشنرزسلمان احمدلون،ماریہ جاویداورڈاکٹرارشد وٹونے اپنی اپنی تحصیلوں میں منعقدہ ریونیو کھلی کچہری میں آنے والے سائلین کی شکایات کو سنا اور انہیں موقع پر حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزکی سطح پر تحصیل کمپلیکس میں بھی ریونیو خدمت کچہری کاانعقاد کیا گیا،جہاں پرڈپٹی کمشنر شاہدفرید نے خدمت کچہری میں آنے والے مرد و خواتین کی شکایات کو سنا اور انہیں موقع پر حل کرنے کے لیے ریونیو افسران کو ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنرنارووال نے اس موقع پرکہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پرماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کے تسلسل کوجاری رکھاجائے گا،خدمت کچہری میں آنے والے افراد بلاخوف وخطر حاضرہوکر اپنی مشکلات سے آگاہ کریں اور انشاء اللہ ان کے مسائل کا بروقت ازالہ ممکن بنایاجاۓگا۔انہوں نے کہا کہ خدمت کچہریوں کے انعقاد کا مقصد شہری و دیہی سطح پر لوگوں کے ریونیو معاملات سمیت ڈومیسائل کا فوری اجراء و دیگر امور کی انجام دہی کو بر وقت یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہانہ ریونیوخدمت کے علاوہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں روزانہ کی بنیاد پر اوپن ڈور پالیسی کے تحت بھی اسسٹنٹ کمشنرز آفس اور ڈپٹی کمشنر آفس میں لوگوں کی شکایات کوبھی باقاعدگی سے سنا جائے گا۔











