عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کرکے سنگین جرم کیا، انہیں عوام کو جواب دینا ہوگا کہ وہ کس کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں ؛ وفاقی وزیر شازیہ مری کی فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس

6

اسلام آباد،2اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کرکے سنگین جرم کیا ہے، انہیں عوام کو جواب دینا ہوگا کہ وہ کس کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، دوسروں کو چور، ڈاکو اور امپورٹڈ کہنے والا آج خود جھوٹا ثابت ہو گیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کا ممنوعہ فنڈنگ کیس میں مالی جرم ثابت ہونے پر ای سی پی کے فیصلے کی روشنی میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 منگل کو یہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر جنہوں نے اپنی ہی پارٹی کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس دائر کر رکھا تھا، نے بڑے عزم اور متاثر کن طریقے سے کیس کی پیروی کی۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی کے رہنما ای سی پی کے فیصلہ کے بعد اب بھی اپنے جرائم کا دفاع کر رہے ہیں جو شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پتہ تھا کہ یہ فیصلہ ان کے خلاف ہوگا، اس لئے انہوں نے دوسری سیاسی جماعتوں پر غیر ملکی فنڈنگ کے الزامات لگانا شروع کر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی یا مسلم لیگ (ن) نے غیر ملکی فنڈنگ حاصل کی ہے تو پی ٹی آئی کو ثبوت کے ساتھ سامنے آنا چاہئے۔

 شازیہ مری نے کہا کہ ای سی پی کے فیصلہ سے ثابت ہو گیا ہے کہ عمران خان اپنی پارٹی کو ممنوعہ فنڈنگ کے ذریعے چلاتے رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ عمران خان اس ممنوعہ فنڈنگ کے ذریعے کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے آئین میں واضح ہے کہ سیاسی جماعتیں کونسے ذرائع سے فنڈنگ حاصل نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلہ سے ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان جھوٹے ہیں، وہ صادق اور امین نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن میں جعلی بیان حلفی جمع کروائے اور رٹ پٹیشنوں کے ذریعے گزشتہ آٹھ سال سے فیصلے کو تاخیر کا شکار کرتے رہے۔

 وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان نے اپنی پارٹی کے معاملات کو چلانے کے لئے عارف نقوی سے 2 ملین امریکی ڈالر اور 34 بھارتی صنعت کاروں سے بڑی رقوم وصول کیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہندوستانی نژاد امریکی کاروباری خاتون سے بھی ہزاروں ڈالر وصول کئے۔ انہوں نے کہا کہ 350 سے زائد غیر ملکی کمپنیوں نے عمران خان کو ان کی پارٹی کے لئے فنڈنگ فراہم کی۔ شازیہ مری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلہ کی روشنی میں قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ ای سی پی کے فیصلے سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کرکے سنگین جرم کیا ہے اور اب انہیں عوام کو جواب دینا ہوگا کہ وہ کس کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کو چور، ڈاکو اور امپورٹڈ کہنے والا آج خود جھوٹا ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص جو غیر ملکی فنڈنگ پر سیاسی جماعت چلا رہا تھا، وہ عام آدمی کی تکلیف کو کیسے سمجھ سکتا ہے؟ وفاقی وزیر نے کہا کہ جس طرح عمران خان نے چار سالوں کے دوران ملک کو دیوالیہ پن کے قریب کیا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا اس ملک اور اس کے عوام سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی   نے کہا  کہ جھوٹے صادق اور امین عمران خان کے خلاف غیر ملکی فنڈز کے حصول کے کیس کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے 8 سال بعد سنا دیا جس میں ثابت ہو گیا کہ عمران نیازی ایک سرٹیفائیڈ خائن اور دنیا کا سب سے بڑا چور، ڈاکو اور لٹیرا ہے، یہ کیس کسی سیاسی مخالف پارٹی کی طرف سے دائر نہیں ہوا تھا بلکہ ان کے دست راست اور تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کیا تھا، عمران نیازی نے اس کیس کے فیصلہ کو دبانے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا اور 8 سال تک الیکشن کمیشن پر دھونس، دھاندلی اور اپنے عہدے کے ناجائز اختیارات کا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے فیصلہ سے روکتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ دیر آید درست آید، آج عمران خان جو خود ساختہ صادق اور امین بن بیٹھا تھا پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، ہم شروع سے یہ کہتے تھے کہ یہ پاکستان کو برباد کرنے کیلئے غیر ملکی یہودی اور ہندوئوں سے فنڈز لے کر سیاست کر رہا ہے مگر اس وقت ہماری باتوں پر شاید توجہ نہیں دی گئی مگر سچ ایک دن سامنے آ گیا ہے اور ہم یہ بھی کہتے ہیں کہ عمران خان نوجوان نسل کو گمراہ کرکے پاکستان کے مستقبل کو تباہ و برباد کر رہا ہے، ماضی کی طرح ہمارا یہ مؤقف بھی درست ثابت ہو گا۔