لاہور، 3 اگست (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں میں جدید تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی کا فروغ ترجیح ہے،یونیورسٹیوں میں ماحولیات، اخلاقی تربیت، خواتین کی تعلیم، تینکی اور سائنسی ریسرچ کے فروغ سمیت مختلف کنسورشیم بنانے پر کام ہو رہا ہے،ان کنسورشیمز کا مقصد اکیڈمک ڈسکشن کے ساتھ ان مسائل کے حل کے لیے میکانزم بنانا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور اور پرائم یونیورسٹی آف نرسنگ، سائنس آیند ٹیکنالوجی کے نامزد ریکٹر ڈاکٹر خالد خان سے ملاقات میں کیا، ملاقات میں میڈیکل کالجز کے نصاب پر نظرثانی اور اسے جدید تقاضوں کے مطابق بنانے پر اتفاق کیاگیا۔
گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے قوم کے بچوں کو بہترین ڈاکٹر بنانے کے ساتھ بہترین انسان بھی بنایا ہے،انھوں نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹر اعلی ترین اخلاقی اقدار کے مظہر ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کنسورشیمز حکومتی اداروں کو یونیورسٹیوں میں ریسرچ اور ماہرین کے تجربے کی بنیاد پر تجاویز دیں گے۔یونیورسٹیوں میں اکیڈیمیہ کا انڈسٹری سے رابطہ مضبوط ہونے سے طلبا کو ملازمت کے مواقع ملیں گے۔











